کراچی(اسٹا ف رپورٹر)9جولائی کو بلا توڑ کر شیر کا شکار کرینگے‘پی ایس 114کے عوام فصلی بٹیروں کو مسترد کرچکے ہیں‘ نوجولائی کا سورج پیپلزپارٹی کی فتح کا دن ہے‘ حلقے سے تین تین باری جیتنے والوں نے عوام کو مسائل کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی منارٹی ونگ کے رہنماﺅں نے پی ایس 114کے علاقے اعظم بستی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مشتاق مٹو نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں 9جولائی کو بلا توڑ کر بوڑھے شیر کا شکار کرینگے، انہوں نے کہا کہ پی ایس 114کے باشعور عوام فصلی بیٹروں کو مسترد کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ سعید غنی واحد علاقائی شخصیت ہیں اس لئے سعید غنی کی جیت یقینی ہے کیونکہ باہر سے آنیوالے امیدوار ووٹ لیکر دوبارہ کبھی حلقے میں اپنی شکل تک نہیں دکھاتے لیکن سعید غنی ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے اور لوگوں کے دکھ سکھ میں شریک ہوتے ہیں ۔ اس موقع پر کرامت غوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین چاہے جتنے مرضی وسائل استعمال کرلیں پی ایس 114میں نوجولائی کا سورج پیپلزپارٹی کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔ یوسف غوری نے کہا کہ حلقے سے تین تین بار جیتنے والوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔اختر رندھاوا نے کہا کہ مخالفین پیسے اور وسائل کا بت دریغ استعمال کرکے عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے انہوں نے کہا کہ مسیحی عوام مشتاق مٹو کی قیادت میں متحد ہیں اور نوجولائی کو سعید غنی کی جیت میں اپنا حصہ ڈال کر جمہوریت کو مضبوط کرینگے۔