لندن (سپورٹس ڈےسک )سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے ایسٹ بورن انٹرنیشنل کے فائنل میں فرنچ کھلاڑی گائل مونفلز کو شکست دے کر ویمبلڈن میں کامیابی کی امیدوں کو بحال کردیا جبکہ خواتین کے فائنل میں جمہوریہ چیک کی کھلاڑی کیرولینا پلسکووانے کامیابی حاصل کی۔سربیا سے تعلق رکھنے والے جوکووچ نے ایسٹ بورن ٹینس کے فائنل میں گائل مونفلز کو 6-3 اور 6-4 شکست دے دی اور یہ ان کی رواں سال کے آغاز میں قطر اوپن میں فتح کے بعد دوسری کامیابی ہے۔کامیابی کے بعد جوکووچ نے کہا کہ 'امید ہے کہ جوکارکردگی میں نے یہاں دکھائی ہے اس کو برقرار رکھوں، اس سے ویمبلڈن کے لیے اعتماد کی سطح بہتر ہوئی ہے'۔جوکووچ نے سات سال بعد گراس کورٹ میں کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا جہاں انھوں نے فائنل میں مونفلز کے خلاف میچ کے آغاز سے ہی اپنی گرفت مضبوط رکھی۔خیال رہے کہ گزشتہ سال بدترین کارکردگی کےباعث جوکووچ کو عالمی نمبر ایک پوزیشن سے ہاتھ دھونا پڑا تھا جبکہ رواں سال کے آغاز میں قطر اوپن میں کامیابی کے بعد تمام بڑے ایونٹس میں انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جوکووچ کو رواں سال فرنچ اوپن کے کوارٹر میں شکست ہوئی تھی جس کے بعد انھوں نے ویمبلڈن سے قبل ایسٹ بورن ایونٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔اپنے کیریئر میں 68 واں ٹائٹل حاصل کرنے والے جوکووچ تین مرتبہ ویمبلڈن چمپیئن رہ چکے ہیں، انھوں نے 2011،2014 اور 2015 میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔دوسری جانب خواتین کے مقابلوں میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا نے ڈینش کھلاڑی دفاعی چمپئن کیرولین ووزنیاکی کو 6-4 اور 6-4 سےشکست دے کر سال کا چوتھا ٹائٹل حاصل کرلیا۔کیرولینا پلسکوواکو گزشتہ سال فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس مرتبہ کامیابی کو یقنینی بنایا۔
چمپیئن بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'میں اس مرتبہ ٹرافی حاصل کرنے پر بہت خوش ہوں اور مجھے گراس پر اچھا محسوس ہوا'۔ایسٹ بورن ٹائٹل پلسکوواکے کیریئر کا نواں ٹائٹل ہے۔