جے آئی ٹی بننے پر مٹھائیاں تقسیم کرنیوالے آج کیوں رو رہے ہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف آنے والا فیصلہ کرپشن کے مگرمچھوں کو گھیرنے کی قومی تحریک کا آغاز ہوگا۔ کرپٹ اور بددیانت ٹولہ غلاف کعبہ میں بھی جا چھپے تو نکال کر لوٹی دولت کی ایک ایک پائی وصول کریں گے۔ کرپٹ حکمرانوں کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے اور اب انہیں عوامی غیظ و غضب اور قانون کے شکنجے سے ان کی سرپرست عالمی اسٹیبلشمنٹ بھی نہیں بچا سکے گی۔ جے آئی ٹی بننے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے والے ا ب کیوں رو رہے ہیں۔ حکومت کا کام رونا دھونا نہیں، عمل کرنا ہوتا ہے۔ عوام ڈاکٹر عافیہ صدیقی، یوسف رمزی اور ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے والے ریمنڈ ڈیوس کے بھائیوں کے لیے الیکشن کو یوم حساب بنا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال لاہور میں جماعت اسلامی پنجاب کے قومی انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، میاں مقصود احمد، زبیر گوندل اور احمد بلال صوفی نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم ڈنڈے اور بندوق کے زور پر نہیں، عوام کی تائید سے انقلاب لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ دونوں نے بہاولپور کا دورہ کیا مگر اتنی بڑی قیامت گزر جانے اور دو سو پاکستانیوں کے زندہ جل جانے کے باوجود بہاولپور میں ایک برن سینٹر کے قیام کا اعلان تک نہیں کیا۔ لوہے کا کاروبار کرتے کرتے حکمرانوں کے دل بھی لوہے کی طرح سخت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کا مسئلہ ہے اور کشمیر کاز سے غداری کرنے والا پاکستان کا غدار ہے۔ حکمران ساتھ دیں نہ دیں، پاکستان کے بیس کروڑ عوام زندگی کے آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور سید صلاح الدین کو اپنا ہیرو قرار دیتے ہیں۔ قومی انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاکہ اب مچھلیاں نہیں مگر مچھ پکڑے جارہے ہیں اور کوئی لٹیرا احتساب سے نہیں بچ سکے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...