لاہور + فیروز والا (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکو مصری شاہ کے علاقے فاروق گنج میں شہزادکی فیملی کو یرغمال بنا کر 4 لاکھ مالیت کی نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ہیئر کے علاقے میں اخلاق کے گھر سے دو ڈاکو فیملی کو یرغمال بنا کر 2لاکھ 90ہزار کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ سبزہ زار ڈی بلاک میں عمران خان کی فیملی کو یرغمال بنا کر 2لاکھ 80 ہزار کی نقدی اور طلائی زیورات، موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔ نواب ٹائون میں رشید کی فیملی سے 2لاکھ 65 ہزار کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ مصطفی آباد سے بشیر کے گھر سے فیملی کو یرغمال بنا کر 2لاکھ روپے کی نقدی اور موبائل فون، باٹا پور میں نعیم کی فیملی کو یرغمال بنا کر 90ہزار مالیت کی نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔ ڈاکوؤں نے مختلف علاقوں میں راہزنی کی سات وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں کی نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نے سندر میں سے واحد، ماڈل ٹائون میں سے زوارکی گاڑیاں جبکہ شفیق آباد میں سے فرید، ریس کورس میں اسد، ڈیفنس سی میں بابر، گجرپورہ میں جمیل، مسلم ٹائون میں سے سہیل کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈ کی آبادی نبی پور کے قریب ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل سوار حیدر علی کو روک کر لوٹ لیا۔ ڈاکو ایک لاکھ روپے کی رقم موبائل اور موٹرسائیکل کی چابی بھی چھین کر لے گئے۔ کوٹ عبدالمالک میں ڈاکوؤں نے سجاول علی کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔ نقدی، دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے فیض پور کے قریب نسیم شاہین کو روک کر لوٹ لیا۔ موبائل، نقدی چھین کر لے گئے۔ چوروں نے منیر ا حمد کے گھر کے تالے توڑ کر تین لاکھ نقدی و دیگر سامان قیمتی چوری کر کے فرار ہو گئے۔ ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا سلسلہ عروج پر ہے۔