فیصل آباد: پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھاپے: ملاوٹ شدہ مرچیں بنانے والی 3 فیکٹریاں سیل

Jul 03, 2017

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ناقص‘ غیر معیاری اشیاء خوردونوش بنانے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی مرچیں تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے فیصل آباد کی ٹیم نے ملاوٹی مرچ مصالحے تیار کرنے والے گروہ ڈھونڈ کر ملاوٹ زدہ، جعلی مرچیں تیار کرنے والی 3 فیکٹریاں سیل کر دیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز رافیعہ حیدر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مولوی مرچ فیکٹری امین پور، زاہد مرچ فیکٹری رشیدہ آباد اور مولوی سپائسز فیکٹری نورپور بازار کو مرچوں کو چوکر اور اشیاء خوردونوش کی ملاوٹ پر سیل کیا گیا‘ تینوں فیکٹریوں سے مجموعی طور پر 14 ہزار کلو ناقص مرچیں، 8 ہزار کلو ناقص مصالحے، 11 ہزار کلو چوکر اور دیگر ملاوٹی مال برآمد کر لیا گیا۔ رافیعہ حیدر نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے تمام فیکٹریوں کے سیمپل مختلف دوکانوں سے اٹھا کر ٹیسٹ کروائے‘ سیمپل فیل ہونے پر فیکٹریوں کی بڑی مشکل کے بعد تلاش کی گئی۔ غیر رجسٹرڈ فیکٹریاں رہائشی علاقوں میں چھپ کر کام کر رہی تھیں جس کو ڈھونڈنے میں کافی دشواری ہوئی‘ زیادہ تر کام رات کو کیا جاتا تھا۔ تینوں فیکٹریوں کے خلاف اگلے 2 دن میں تمام لیبارٹری تجزئیے مکمل کر کے ملاوٹ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمات درج کروائے جائیں گے۔

مزیدخبریں