کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ پاکستان اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے، پروفیسر اجمل خان

Jul 03, 2018

کراچی (نیوزرپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، انسٹی ٹیوٹ نے نہ صرف کامیابی سے اپنے قیام کے پانچ سال مکمل کئے ہیں بلکہ اس دوران دونوں ملکوں کے طلبہ کے درمیان ایک دوسرے کی تہذیب و ثقافت سے ہم آہنگی بھی پیدا کی ہے کہ اس ادارے نے اپنے قیام کے پانچ سالوں کے دوران نہ صرف پاکستانی طلبہ کو چینی زبان و ثقافت سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے بلکہ طلبہ کے دو طرفہ تبادلے کے ذریعے معاشی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ چین نے پچھلے چند سالوں میں سائنس و ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی طور پر جو ترقی کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان کو بھی چین کی مثال اپناتے ہوئے انتھک محنت کے ذریعے غربت کے خاتمے کی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، چین ایک اچھا دوست ہونے کے ناطے اس سلسلے میں پاکستان کی ہر طرح مدد کر رہا ہے اور کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اس سلسلے میں ثقافتی فاصلے مٹانے  اور ہم آہنگی بڑھانے میںمصروفِ عمل ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی پانچویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام ایچ ای جے آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں