کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ا صلت نے افریقی اور یورپی ممالک میں بین الاقوامی تعیناتی کے سلسلے میں اقابہ‘ اُردن کا دورہ کیا۔ پی این ایس اصلت کا اقابہ کی بندرگاہ کے دورے کا مقصد اسلامی جمہوریہ ء پاکستان اور سلطنت اردن کے مابین دوستانہ مراسم اور دفاعی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ اقابہ میں قیام کے دوران اردن اور پاکستان کے نیول حکام کے درمیان متعدد پیشہ ورانہ اور غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔ پاک بحریہ کے مشن کمانڈر کموڈور فیصل عباسی‘ کمانڈر 25th ڈسٹرائیر اسکواڈرن نے رائل اردن نیوی کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ابراہیم سلمان النعمت‘ اردن میں پاکستان کے سفیر میجر جنرل (ریٹائرڈ) جنید رحمت‘ ڈائریکٹر جنرل اردن میری ٹائم کمیشن صلاح علی ابو عفیفے‘ اقابہ کے ڈپٹی چیف کمشنر ڈاکٹر عماد حجازین اور ڈپٹی گورنر جناب ابراہیم النجاد ت سے ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں کے دوران اردنی حکام نے پاکستان کی عوام اور بالخصوص پاکستان کی مسلح افواج کے لیے نیک خواہشات اور گرمجوشی کا اظہار کیا۔ ارد ن کی اعلیٰ شخصیات نے بحری قذاقی کی روک تھام اور خطے میں قیام امن و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو بھی سراہا۔اس دوران پی این ایس اصلت پر ایک عشائیے کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں اردن کی بحری افواج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ابراہیم سلمان علی النعمت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
بحریہ/ دورہ