پری پول دھاندلی پاکستان سے زیادتی‘ بھاگنے والا نہیں : نوازشریف

Jul 03, 2018

لندن/ لاہور (عارف چودھری، خصوصی رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لندن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے آئندہ آنے والی نسلوں کو اچھا ماحول دینے کیلئے جدوجہد کررہا ہوں، کلثوم نواز کا سی ٹی سکین ہوا ہے، سی ٹی سکین کی رپورٹس کا موازنہ کرکے وطن واپسی کا فیصلہ کریں گے، قوم کلثوم نواز کی صحت کیلئے دعا کرے، ملک میں قبل از انتخابات دھاندلی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، ہمارے رہنماﺅں اور کارکنوں پر پارٹی کو چھوڑنے کیلئے دباﺅ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا وہ روایتی سیاستدان ہیں نہ بھاگنے والا، پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ قومی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے پاکستان جانا چاہتاہوں، الیکشن میں پری پول دھاندلی کا کھیل کھیلا جارہا ہے۔ پری پول دھاندلی کا کھیل پاکستان سے زیادتی ہے۔ دھاندلی کی منصوبہ بندی کرنے والے خام خیالی میں ہیں۔ 70 سالہ تاریخ بدلنا اور ملک کا مستقبل بنانا مشن ہے۔ امجد کھوسہ 1985ءسے ڈی جی خان سے ہمارے ممبر ہیں، امجد کھوسہ کو پارٹی ٹکٹ واپس کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ قبل ازیں ہارلے سٹریٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان جلد جاﺅں گا بیگم کلثوم کی صحت میں بہتری کا انتظار ہے۔ دعا کریں بیگم کلثوم جلد صحت یاب ہوں۔ این این آئی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاست میں تشدد کی غلط روایت کو کچھ لوگوں نے پروان چڑھایا، ہمیں پاکستانی سیاست میں تشدد سے جلد جان چھڑانی ہوگی۔لندن میں ہارلے سٹریٹ کلینک پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اختلاف پر اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے لیکن کچھ لوگوں کی سمجھ میں یہ بات نہیں آتی۔ انہوں نے کہا والدہ کی طبیعت بہتر ہوتے ہی اپنے وطن واپس جائیں گے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے سیاست میں تشدد کی غلط روایت کو کچھ لوگوں نے پروان چڑھایا ہے، اختلاف رائے کی آزادی ہونی چاہیے، ملتان واقعہ کی رپورٹ سامنے آنی چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا صباح نیوز کے مطابق مریم نواز نے کہا آج امی کی سالگرہ ہے، امی بیس روز سے وینٹی لیٹر پر ہیں،قوم سے بیگم کلثوم نوازکی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پراپنے ٹویٹ میں اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ پاک سب کی ماﺅں کو سلامت رکھے۔ واضح رہے بیگم کلثوم نواز 2جولائی 1950کو پیدا ہوئی تھیں اور ان کی عمر 68 برس ہو گئی ہے۔ مزید برآں ہارلے سٹریٹ کلینک پہنچنے پرمیڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بیگم کلثوم کی صحت میں بہتری کا انتظار ہے۔ کلثوم نواز کی صحت بہتر ہوتے ہی وہ پاکستان روانہ ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا پاکستانی سیاست میں تشدد سے جلد جان چھڑانی چاہئے۔ لندن سے عارف چودھری کے مطابق منگل کو نواز شریف کی ڈاکٹروں سے میٹنگ میں رپورٹوں کے متعلق تفصیل سے بات ہوگی۔ گزشتہ روز بیگم کلثوم نواز کا مکمل معائنہ ہوا۔
نواز شریف

مزیدخبریں