لاہور (کامرس رپورٹر) نگران صوبائی وزیر خزانہ و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب سید ضیاء حیدر رضوی نے کہا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تحت جونیئر و سینئر انٹرن شپ پروگرامز کا انعقاد ٹیکس کلچر میںتبدیلی کا موثر ترین ذریعہ ثابت ہوگا۔ ان پروگرامز کے تحت نہ صرف طالبعلم ٹیکس وصولیوںکے پیچیدہ نظام سے آگاہی حاصل کر کے متعلقہ شعبوں میں آموزش کے عمل کو بہتر بنائیں گے بلکہ اپنے والدین ، عزیز و اقارب اور سوسائٹی کوحکومتی نظام میں ٹیکس اور ٹیکس دہندگان کی ضرورت و اہمیت سے بھی آگاہ کر یں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز پنجاب ریونیو اتھارٹی میںجونیئر انٹرن شپ پروگرام کے پہلے سیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید ـحسن عسکری یہ سمجھتے ہیں کہ عوام کایہ جاننا بہت ضروری ہے کہ حکومت ٹیکس کیوں لیتی ہے اور ان کے ٹیکس کا پیسہ کہاں خرچ ہوتا ہے۔ اُنہوں نے نوجوانوں کو کو تاکید کی کہ وہ ٹیکس کی ادئیگی کے حوالے سے عوامی شعور کی بیداری کو ملکی ترقی اورغربت کے خاتمے کے لیے سوشل ورک سمجھ کر انجام دیں اور خود کو رضا کار تصور کریں۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبائی وزیر کو انٹرن شپ پروگرام کے مندرجات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سینئر انٹرن شپ کے کامیاب انعقاد کے بعدبہت سے نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے درخواست کی گئی کہ انھیں بھی انٹرن شپ کروائی جائے ۔ جو پی آر اے کے لیے انتہائی خوش آئند تھا۔ اس مقصد کے لیے شہر کے بڑے سرکاری و نجی اداروں سے 800 طالبعلموں کی درخواستیں موصول ہو ئیں جن میں سے ابتدائی طور پر 50 طالبعلموں کو موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔