راولپنڈی (نیوزرپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب نے سفارش کی ہے کہ کاشتکار پیاز کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے منظور شدہ اقسام پھلکارا اور ڈارک ریڈ کاشت کریں۔ پنیری کی کاشت کیلئے ایسی زمین کا انتخاب کریں جس میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔ کاشت سے قبل گلی سڑی گوبر کی کھاد ایک من فی مرلہ کے حساب سے ڈال کر زمین میں اچھی طرح ملا ئیں اور آبپاشی کر دیں۔ ترجمان کے مطابق وتر آنے پر 3-2 دفعہ ہل اور سہاگہ چلا کر چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں اگ آئیں۔ شرح بیج 3 تا 4 کلوگرام فی ایکڑ رکھیں ۔کاشت کے وقت4-3 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین تیار کر لیں اور3 میٹر کے فاصلہ پر نشان لگا کر پٹڑیاں اس طرح بنائیں کہ ان کے اطراف میں نالیاں بن جائیں تاکہ بارش کی صورت میں زائد پانی باہر نکل جائے۔ گرم موسم میں اگر ان نالیوں میں پانی چھوڑا جائے تو زمین کا درجہ حرارت کم رہنے کی وجہ سے پنیری کا اگائو اچھا ہوتا ہے۔ ان پٹڑیوں کو چھوٹی چھوٹی کیاریوں میں تقسیم کر لیں اور اچھی طرح ہموار کر کے ان میں 7 تا 8 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر ایک سینٹی میٹر گہری لکیریں لگائیں۔ ان لکیروں میں بیج ڈال کر بھل کی باریک تہہ سے ڈھانپ دیں اور فوارے کی مدد سے آبپاشی کر یں۔ پنیری کو پلاسٹک سے ڈھانپنے کیلئے 5 ملی میٹر موٹائی کے سریے کے 5 میٹر لمبے ٹکڑے لیں اور انہیں گولائی میں موڑ کر پٹڑیوں کے اوپر لگا دیں۔ ان سریوں کے اوپر پلاسٹک ڈال کر دونوں اطراف سے مٹی میں دبا دینے سے درجہ حرارت بڑھ جائے گا اور پنیری کا اگائو بہتر ہوگا۔
کاشتکار پیاز کی بہتر پیداوار کیلئے منظور شدہ اقسام پھلکارا اور ڈارک ریڈ کاشت کریں،محکمہ زراعت
Jul 03, 2018