عمران 10 کروڑ 82 لاکھ، شہباز شریف کے 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد اثاثے، زرداری، بلاول دبئی کے اقامہ ہولڈر

Jul 03, 2019

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے اراکین قومی اسمبلی کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کردیں۔ وزیراعظم عمران خان کے 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد اثاثے ہیں جبکہ انہوں نے بنی گالا رہائش کی مالیت ظاہر نہیں کی۔ البتہ بنی گالا زمین کو تحفہ کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔ خاتون اول بشریٰ بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر، پاک پتن 431 کنال اراضی، اوکاڑہ میں 266 کنال اراضی ظاہر کی گئی ہے۔ وزیراعظم کے ڈالر، پائونڈ سٹرلنگ اور یورو اکائونٹس بھی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان 2 لاکھ کی 4 بکریوں کے مالک ہیں۔ اس کیساتھ ساتھ زیراعظم 6 اعشاریہ 2 مربع زرعی اور کمرشل اراضی کے مالک ہیں۔ آصف زرداری 66 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ ان کے پاس کے پاس 1 کروڑ روپے کے گھوڑے اور جانور بھی ہیں۔ سابق صدر کے پاس ایک کروڑ 66 لاکھ کا اسلحہ بھی ہے۔ ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔گوشواروں کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو دبئی کے اقامہ ہولڈر ہیں۔ بلاول بھٹو امیر ترین ارکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں۔ وہ 1 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور اس کیساتھ ساتھ ان کے دبئی میں واقع دو ولاز میں شیئرز بھی ہیں۔ شہبازشریف کے اثاثوں کی مالیت 18کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہے، اپوزیشن لیڈر کی اہلیہ نصرت شہباز کے نام 23 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے اور اہلیہ تہمینہ درانی کے 57 لاکھ 65 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ شہبازشریف کے بیرون ملک 14 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں اور وہ لندن میں فلیٹ کے بھی مالک ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 60 کروڑ کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید 3 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ مراد سعیدکے پاس 36 لاکھ کیش اور 15 تولے سونا ہے۔ وہ غریب ارکان اسمبلی میں شامل ہیں۔

مزیدخبریں