کراچی (وقائع نگار)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے دائودی بوہرا جماعت کے وفد نے منگل کو وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کمیل یونس، حسین اور قائضر شامل تھے جبکہ وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بوہرا جماعت کے وفد نے بوہرا جماعت کے ٹیکنیکل سینٹر کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس کو انہوں نے قبول کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بوہرا جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کو کراچی کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیدنا مفضل سیف الدین کے دورے کو دو سال ہو چکے ہیں اب انکو دوبارہ سندھ کا دورہ کرنا چاہئے۔