اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سلیکٹڈوزیراعظم اداروں میں چھپ کر حملہ کر رہے ہیں۔ ہم ان کے حملوں کی نہ صرف مذاحمت کریں گے بلکہ انہیں دندان شکن شکست دیں گے۔ عمران خان کان کھول کر سنیں کہ جھوٹے ریفرنسوں سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نہ ڈرایا جا سکتا ہے اور نہ ہی بلیک میل کیا جا سکتا ہے۔ عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقوں کی زندگی عذاب کر دی ہے۔ ایسے حالات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خاموش نہیں رہ سکتے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت ایک طرف سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنا کر جیل میں ڈال رہی ہے تو دوسری طرف عوام پر مہنگائی کی کارپٹ بمباری کر رہے ہیں۔ ملک کی سیاسی قیادت جعلی حکومت کے ہتھکنڈوں سے نہیں گھبرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے انٹرویو کو روک کر عمران خان اور ان کے آقائوں نے بزدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت صدر آصف علی زرداری کے انٹرویو سے گھبراہٹ کا شکار ہوگئی مگر جب لندن میں ہونے والی تحقیقات کے نتیجے میں جب سلیکٹڈ وزیراعظم کو کٹہڑے میں لایا گیا تو ملک کی عزت کا کیا ہوگا۔
جھوٹے ریفرنسوں سے بلاول بھٹو زرداری کو نہیں ڈرایا جا سکتا ، نفیسہ شاہ
Jul 03, 2019