اسلام آباد(آن لائن) واپڈا کے پن بجلی منصوبوں سے گزشتہ مالی سال کے دوران 31 ارب 42 کروڑ یونٹ سے زائد بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوئی ہے۔ واپڈا ذرائع کے مطابق 2017-18ء کے مقابلہ میں 2018-19ء کے دوران پن بجلی کی شمولیت سے قومی گرڈ میں بجلی کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ مالی سال کے دوران 4 ارب 35 کروڑ یونٹ اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کی گئی ہے جس سے نہ صرف ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملی ہے بلکہ عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکا ہے۔2018-19ء کے دوران واپڈا نے پن بجلی کے 3 منصوبے مکمل کئے ہیں جو طویل عرصہ سے تاخیر کا شکار تھے، ان سے 2ہزار 487 میگاواٹ بجلی کی پیداوار سسٹم میں شامل ہوئی ہے۔ ان منصوبوں میں 108 میگاواٹ کا گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 1410 میگاواٹ کا تربیلا فور توسیع منصوبہ، 969 میگاواٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہے جس کے بعد واپڈا کے پن بجلی منصوبوں کی پیداواری صلاحیت 36 فیصد اضافہ کیساتھ 6 ہزار 902 میگاواٹ سے بڑھ کر 9 ہزار 389 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔پن بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے نئے منصوبوں کے آغاز کیساتھ ساتھ پہلے سے پیداوار دینے والے ہائیڈل پاور سٹیشنز کی بہتر دیکھ بھال اور بروقت مرمت سے بھی پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت واپڈا کے 22 ہائیڈل پاور سٹیشنز کام کر رہے ہیں۔