لاہور(نامہ نگار) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پی آئی اے کی سی بی اے یونین کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ہماری ماں ہے۔ ادارے دھرتی ماں کے زیورات ہیں۔ دھرتی ماں کے زیورات کسی صورت فروخت نہیں ہونے دونگا۔ حکومت نے اپنی نااہلی کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازوں پر عالمی پابندی لگوائی۔ پاکستان کے اثاثے قوم کی ملکیت ہیں اور قوم اپنی ملکیت کا تحفظ کرے گی۔ عمران خان کا مقصد صرف اپنے کاروباری دوستوں کے مفادات کا تحفظ ہے۔ پاکستان اور عمران خان ساتھ نہیں چل سکتے۔ ریاست کے اداروں کو خریدنے والے خبردار رہیں۔ پی پی اقتدار میں آ کر فروخت کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیدے گی۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی پنجاب کے رہنماؤں سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی۔ جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ بجٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نااہل حکومت کو بے نقاب کریں گے۔ عمران خان نے الزام تراشیوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔ویڈیو لنک اجلاس میں پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود اور جنرل سیکرٹری نتاشہ دولتانہ‘ رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ محمود اور عبدالقادر شاہین بھی شریک تھے۔