اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) عسکری ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے گلگت بلتستان میں لائن آف کنٹرول پر فوج کی اضافی تعیناتی، پاکستان میں چینی فوجیوں کی موجودگی اور سکردو ائر پورٹ کے استعمال کے بارے میں بھارتی میڈیا کے دعووں کو مکمل غلط اور بے بنیاد قرار دے کر سختی سے مسترد کردیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی جانب سے گلگت بلتستان میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی اضافی تعیناتی اور چین کی جانب سے سکردو ایئر بیس کے مبینہ استعمال کا جھوٹا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو فوجی دستوں کی کوئی نقل و حرکت ہوئی ہے اور نہ ہے اضافی فوجی دستے کہیں متعین کئے گئے ہیں۔ اسی طرح چینی فوجیوں کی پاکستان میں موجودگی کو بھی ہم پوری شدت سے مسترد کرتے ہیں۔
اسلام آباد (نیٹ نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے اضافی دستوں کی تعیناتی میں کوئی حقیقت نہیں، بھارت کی ہر حرکت کا نوٹس لیتے ہیں اور جواب بھی دیتے ہے، مودی سرکار اپنا بیانیہ شفٹ کرنے کیلئے اس طرح کا پروپیگنڈا کرتی ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی۔ 3 سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا کو گولیوں سے بھون ڈالا۔ اس سے بڑی بربریت کا عملی مظاہرہ نہیں کیا جاسکتا۔ آج یورپی یونین سے مقبوضہ کشمیر پر تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا۔ یورپی یونین کو تمام صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا پاکستان نے ہر فورم پر کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت کو اٹھایا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے، پاکستان سوپور واقعہ کو بھی ہر فورم پر اٹھائے گا، بھارت نے کشمیر میں انٹرنیٹ بند کیا ہوا ہے۔ عالمی میڈیا کو کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں، بھارت کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں آخر کب تک خاموش رہیں گی ؟ انسانی حقوق کی تنظیموں کو آواز اٹھانا ہوگی، کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانا انسانی تقاضا ہے۔