پاکستان اور مصر ثقافتی ، مذہبی اور معاشرتی رشتوں میں بندھے ہیں:ظفرالحق

اسلام آباد وقائع نگار خصوصی) پاکستان اور مصر دیرنیہ ثقافتی ، مذہبی اور معاشرتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ دونوں ممالک اسلامی دنیا میں مرکزی حیثیت کے حامل ہونے کے باعث امت مسلمہ کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریں۔ دونوں ملکوں کے مابین دوستانہ تعلقات ناصرف پاکستان اور مصر کیلئے سود مند ہیں بلکہ دونوںخطوں میں استحکام اور خوشحالی کیلئے بھی مددگار ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت ،سیاست ، تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بھر پور استعداد موجود ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمدظفر الحق نے پاکستان میں مصر کے نئے آنے والے سفیر طارق داروگ سے اپنے چیمبر ،پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ مصر نا صرف قدیم ثقافت، تہذیب و تمدن اور علم کاگہوارہ رہا ہے بلکہ اسلامی دنیا کیلئے اس کی اہمیت آج بھی مسلمہ ہے۔ مشترکہ قدروں کے باعث پاکستان مصر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی ، تجارتی اور مذہبی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات کو اور زیادہ مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن