کراچی گھنٹوں بجلی غائب شہریوں کی زندگی اجیرن، پانی کا شدید بحران

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بجلی کی گھنٹوں غیراعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کو بھی کئی علاقوں میں سخت گرمی اورحبس کے دوران گھنٹوں بجلی غائب رہی جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے بجلی نہ ہونے سے کئی علاقوں میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا ۔ خاص طورپر بلدیہ ٹائون میں ہزاروں گھرانے علاقے میں دو ماہ کے بعد آنے والے پانی کے حصول سے بجلی نہ ہونے کے باعث محروم رہے۔ بلدیہ میں جمعرات کو وقفے وقفے سے کئی بار غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی جس کی وجہ سے پانی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی اورلوگ پانی بھرنے سے محروم رہے بلدیہ ہائیڈرنٹ پر بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جس کی وجہ سے پانی کے حصول کیلئے ہائیڈرنٹ پر شہریوں کا رش لگ گیا۔کراچی کے کئی علاقوں میں کیبل اور پی ایم ٹی کے فالٹس کے نام پر بجلی کی بندش جاری ہے، لیاری، عثمان آباد، گلبہار، شومارکیٹ گارڈن، آگرہ تاج، شیرشاہ، سائٹ، بلدیہ، گلشن حدید، گڈاپ، ملیر، میمن گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن، قائد آباد، لانڈھی اور کورنگی میں 3 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جب کہ کیماڑی، سرجانی، اورنگی ٹاؤن، بنارس اور قصبہ کالونی میں بھی بجلی گھنٹوں گھنٹوں غائب ہے۔شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں اور معمولات زندگی درہم برہم ہیں، کے الیکٹرک کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ مستثنی علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے تاہم مستثنی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن