ممنوعہ اسلحہ لائسنس اجرا: کابینہ کی وزارت داخلہ کو اختیار منتقل کرنیکی ہدایت

Jul 03, 2021

 اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) وفاقی کابینہ نے ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کے اجراء کا اختیار وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کو منتقل کرنے کے حوالے سے جلد ازجلد قانون سازی کا عمل مکمل کروایا جائے اور آئندہ ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس جاری کرنے کے  لئے سمری وفاقی کابینہ کو نہ بھجوائی جائے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے اعلی عدلیہ کے جج صاحبان، وفاقی وزرائ، سول بیورکریٹس اور مسلح افواج کے اعلی افسران پر مشتمل  67 افسران کو ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس جاری کرنے کی سمری منظوری کے لئے پیش کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزرات داخلہ کی جانب سے وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی سمری میں 2 وفاقی وزراء 11 بیوروکریٹس، 8 اعلی عدلیہ کے ججز اور 46 مسلح افواج کے افسران کے نام شامل ہیں جن کو مجموعی طور پر 69 ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔  وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے جون 2013 میں ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد ممنوعہ بور کا لائسنس جاری کرنے کا اختیار وفاقی کابینہ کو دے دیا گیا تھا۔ پاکستان آرمز آرڈیننس 1965 میں ترمیم ایوان بالا میں زیرالتواء ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزرات داخلہ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممنوعہ بور کے لائسنس جاری کرنے کا اختیار وزارت کو منتقل کرنے کے حوالے سے آرڈیننس میں ترمیم کا عمل مکمل کروائیں۔ 

مزیدخبریں