سولر سسٹم اجزاکی تیاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں،شبلی فراز

Jul 03, 2021

اسلام آباد (نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی سولر سسٹم کے اجزاکی تیاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں کے استعمال کے ذریعہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مدد سے ایکسپورٹ اکانومی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ویبنار کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ یہ سیشن وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے روابط بڑھانے کے لئے کررہی ہے جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور مصنوعات کی ترقی میں ان کی مہارت سے فائدہ اٹھانا ہے۔ ویبنار میں سیلیکون ویلی، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، ملائشیا اور دنیا کے دیگرممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی صنعت کی ترقی کے لئے مقامی صنعت کاروں کا تحفظ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سولر پینل کی تیاری میں مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہوگا تاہم ہم برآمدات اور گھریلو ضروریات کے لئے سولر پینل کے اجزا کی تیاری پر کام کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے منصوبہ پر باقاعدہ کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور انہیں سہولت فراہم کرنا وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی مصنوعات کی ترقی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے بیرون ملک مقیم متحرک اور انتہائی ہنرمند پاکستانیوں کے ساتھ موثر حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔

مزیدخبریں