لاہور، اسلام آباد (نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا۔ ملتان اور گوجرانوالا میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر آگئے اور سڑکیں بلاک کردیں۔ ملتان کے علاقے نواب پور روڈ پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔ جبکہ گوجرانوالا میں جیتی روڈ پر گوندلانوالہ چوک پر شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے گیپکو اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ اْدھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ شدید گرمی میں بجلی غائب ہونے سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔ اسلام آبادسے نا مہ نگارکے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار میگاواٹ برقرار ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداوار 19ہزار میگاواٹ اور طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں 8 سے 10 جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پیر تک پاور اور گیس سیکٹر میں بہتری آئے گی۔ سوئی سدرن کی گیس فیلڈ کی تین دن پہلے مرمت مکمل ہوچکی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ ایس ایس جی سی کو اب گیس کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ توانائی کے بحران پر تیزی سے قابو پارہے ہیں، دو تین روز بجلی کی بندش پر سیاست چمکانے کی کوشش کی گئی۔ علاوہ ازیں وزیرتوانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ آج ایل این جی کی 70فیصد فراہمی بحال ہوجائے گی۔ پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی حماد اظہرنے کہا کہ تربیلا ڈیم بیس سے پچیس فیصد پیداوار دے رہا ہے، امید ہے چند روز میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوجائے گا جس چند روز میں تربیلا بھی اپنی صلاحیت کا 75فیصد بجلی پیدا کر نا شروع کر دے گا۔ حماد اظہر نے کہا کہ ہم سرکلر ڈیٹ میں بھی کمی لائے ہیں ۔ آئندہ 8سال میں مزید 26ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی کے باوجود لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے پانی کی قلت بھی بر قرار ہے۔ لیسکو انتظامیہ نے دعوی کیا ہے کہ پیر تک بجلی سپلائی میں بہتری پیدا ہو جائے گی۔ وزارت بجلی کی جانب سے لیسکو کے کوٹہ میں500 میگاواٹ اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد بحران کم ہو گیا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق 132کے وی گریڈ سٹیشن پر لیسکو کی بد ترین لوڈ شیڈنگ، دن میں 12سے 14گھنٹے بجلی غائب ہونے سے شہری کلبلا اٹھے جبکہ کاروباری افراد نے آدھے سے زائد مزدوروں کو گھر بھیج دیا۔ 220 کے وی کالا شاہ کاکو گریڈ سٹیشن سے شاہدرہ نیو گریڈ سٹیشن کی ٹرانسمیشن لائن اوور لوڈ ہونے کے باعث شاہدرہ سکارپ اور نیو میں بد ترین لو ڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں اور انڈسٹری کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔