اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام شعبوں میں جدت لائے گی۔ مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے انفنٹری سمیت ہر شعبہ میں جدت لانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنجاب رجمنٹ سنٹر کا دورہ کیا۔ پنجاب رجمنٹ سنٹر پہنچنے پر انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رجمنٹ سنٹر میں کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو کرنل کمانڈنٹ پنجاب رجمنٹ کا بیج لگایا۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیشہ ورانہ شعبہ جات میں اعلی ترین معیار رکھنے پر رجمنٹ کی تعریف بھی کی۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا، افسروں اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔