سرکاری زمین واگزارکرانا ترجیح، بیرون ملک پاکستانیوں کو مزیدمراعات دینگے: عمران

اسلام آباد(خبرنگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے ضمن میں مزید مراعات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملکی ترسیلات زر میں اضافے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر کا ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ہے، وطن کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو سہولیات اور مراعات فراہمی کے لئے حکومت پرعزم ہے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ روشن ڈیجیٹل اکانٹ کی مد میں صرف دس ماہ کے قلیل عرصے میں اب تک 1.561ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں اور ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔’’نیشنل ریمٹنس لائلٹی پروگرام‘‘ کا اجراء بھی جلد کر دیا جائے گا۔   اجلاس کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ، روشن اپنی گاڑی سکیم اور روشن سماجی خدمت کی کامیابیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ’’روشن اپنا گھر‘‘ سکیم کا اجراء بھی جلد کر دیا جائے گا۔ مشیر تجارت نے مختلف شعبوں میں برآمدات میں ممکنہ اضافے خصوصا آئی ٹی کے شعبے میں ملکی استعداد کو بروئے کار لانے  کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ معاشی ترقی اور بڑھتے ہوئے شرح نمو کو مد نظر رکھتے ہوئے زرمبادلہ و دیگر معاشی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مفصل و منظم منصوبہ بندی کی جائے، علاوہ ازیں  وزیراعظم  عمران خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی لئی بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ اور  گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ پلان سے دونوں شہروں میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور شہریوں کو براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔  چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ پلان پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبہ بندی کو مزید موثر بنانے کے لئے پرائیوٹ سیکٹر کے ماہرین سے بھی رائے لی جائے۔  اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے وزیرِ اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی۔ گلگت بلتستان کے بجٹ کے حوالے سے بریف کیا۔ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے ہدف سے زائد ٹیکس وصولیوں پر ایف بی آر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس اہداف اس بات کاثبوت ہیں معیشت مضبوط بنیادوں پراستوار ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گزشتہ مالی سال کے دوران 4ہزار 732ارب روپے کے ٹیکس محاصل کا ہدف حاصل کیا، یہ ٹیکس ہدف گزشتہ سال کی نسبت 18فیصد زیادہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین نے بھی چیئرمین، وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، سیف اللہ خان نیازی،عامر محمود کیانی،گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم سے موجود ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم  سے آذربائیجان کے سفیر نے الوداعی ملاقات کی سفیر نے وزیراعظم کو آذربائیجان کے صدر کا تہنیتی پیغام پہنچایا پاک آذربائیجان سفارتی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح وفود کے تبادلے ضروری ہیں امید ہے مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان سیاحتی مقام نتھیا گلی پہنچ گئے۔ وزیراعظم اپنے اہلخانہ کے ساتھ ہفتہ وار چھٹیاں گزاریں گے۔

ای پیپر دی نیشن