کراچی (نیوزرپورٹر)آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی اور مرکزی رہنماؤں نے نویں دسویں جماعت کے طلبہ وطالبات کو ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کے حوالے سے ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے سرکلر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود پرائیویٹ اسکولز نے گزشتہ پندرہ مہینوں میں ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کی ہدایات سے بڑھ کر والدین کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی ہے اگر چند اسکولز کی غلطی کی وجہ سے کچھ والدین کو پریشانی ہوئی ہے تو اس کے لیے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز میں مستقل بنیاد پر ڈپٹی ڈائریکٹر کمپلینٹس موجود ہے جہاں والدین اپنی کوئی بھی شکایت درج کرواسکتے ہیں۔ تمام پرائیویٹ اسکولز کو اکا دکا واقعات میں شامل کر کے صرف یک طرفہ ہدایت نامہ جاری کرنے سے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی غالب اکثریت کی ساکھ خراب ہوتی ہے اور اسکولز کی انتظامیہ کو ذہنی کوفت ہوتی ہے بہتر ہوتا اگر سرکاری ھدایت نامے میں والدین کو بھی اسکول انتظامیہ سے تعاون کرنے کا مشورہ دیا جاتا۔ ایک طرفہ ہدایت نامہ جاری کرنے سے پرائیویٹ تعلیمی اداروں اور والدین کے درمیان محاذ آرائی کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔ تمام پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز اور اسکولز انتظامیہ کا یہی موقف ہے کہ والدین کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جائے گی اور کسی بھی صورت میں کسی بھی طالبعلم کو امتحان کے حق سے محروم نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ماضی میں کبھی ایسا ہوا ہے۔ یہ مشکل اور غیر معمولی حالات ہیں تو ایسے میں اسکولز اور والدین مل کر اس مشکل وقت کو گزار لیں گے۔ْ
پرائیوٹ اسکولزتمام طلبہ وطالبات کو ایڈمٹ کارڈ جاری کرینگے۔ حیدرعلی
Jul 03, 2021