شام: بشارالاسد کی فوج کے فضائی حملے میں چھ بچوں سمیت 8 شہری جاں بحق ہوگئے

شام میں بشارالاسد کی فوج کے فضائی حملے میں چھ بچوں سمیت 8 شہری جاں بحق ہوگئے اور 16زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں داعش کے آخری ٹھکانے ادلب میں جنگجوئوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔بشارالاسد کی فضائیہ نے جبل الزاویہ کے جنوبی علاقے میں شدید بمباری کی جس سے کئی مکان تباہ ہوگئے، ایک مکان میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ دیگر 3 افراد نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔ گھروں کے تباہ ہونے کے بعد سے مکینوں کو رات کھلے آسمان تلے گزارنی پڑی۔ علاقے میں وقفے وقفے سے دھماکوں کی آواز سنی گئیں۔گزشتہ ایک ہفتے سے ادلب کے اس علاقے میں روسی طیاروں کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث زیادہ تر مکین پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔واضح رہے کہ جنگ زدہ شام میں 2011 سے جھڑپوں میں تاحال 5 لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ دس لاکھ سے زائد افراد پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن