لاہور(نامہ نگار)محکمہ ایکسائز،ٹیکسیشن اینڈ و نارکوٹکس کنٹرول پنجاب کے زیر اہتمام ڈینگی آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔واک کی قیادت سیکرٹری ایکسائز صائمہ سعید اور ڈی جی ایکسائز رفاقت علی نے کی۔ایجرٹن روڈ پرواک میں محکمہ ایکسائزکے افسران وملازمین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔شرکاء نے ڈینگی آگاہی کے حوالے سے پوسٹرز،،بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔جن پر ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے نعرے اور معلومات درج تھیں۔سیکرٹری ایکسائز صائمہ سعید نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈینگی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہے ۔بہترین شعور اور آگاہی سے ہم ڈینگی کو شکست فاش دے سکتے ہیں۔ڈینگی کی روک تھام کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔ڈینگی آگاہی کیلئے محکمہ ایکسائز پنجاب بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔واک اور سیمینار ڈینگی آگاہی مہم سلسلے کی کڑی ہے۔ڈینگی سے بچاؤ ہمارے ہاتھ میں ہے،اس کیلئے ضروری ہے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے۔ ڈی جی ایکسائز رفاقت علی نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔گھر اور ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ہم ڈینگی پر قابو پا سکتے ہیں۔پنجاب بھر کے ایکسائز دفاتر میں ڈینگی آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے ہم سب نے مل کر اپنی اہم ذمہ داری ادا کرنی ہے۔