اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار + نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کرونا مزید ہلاکت خیز ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے باعث چار مزید افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 126 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ایک روز میں 818 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جو 3 مارچ کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔ قومی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق مثبت کیسز کی شرح بھی کل 3.93فیصد سے بڑھ کر 4.47فیصد ہو گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 18ہزار 305 ٹیسٹ کیے گئے‘ دوسری جانب کراچی 17.06 فیصد کی مثبت شرح کے ساتھ ملک میں کووڈ سے سب زیادہ متاثرہ شہر ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 3ہزار 95 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 528 مثبت آئے آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد اور لاہور میں مثبت شرح بالترتیب 6.45فیصد اور 5.58فیصد ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 4.05 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ پشاور میں یہ 2.47 فیصد ہے۔ ادھر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے عوام کو تحفظ دینے کیلئے تمام ضروری ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ عوام کرونا وائرس سے بچنے حکومت کی گائیڈ لائینز پر عملدرآمد درامد کرنا ہو گا‘ عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ عوام ماسک کا استعمال کریں سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں ‘ دفتر سمیت ہر جگہ بیٹھنے کے دوران سماجی فاصلہ رکھاجائے عبادت اور نمازوں کے دوران بھی سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے دفاتر کے داخلی راستوں اور واش رومزمیں ہینڈ سینیٹائیزرز موجود ہونا چاہیے۔ ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے‘ تمام دفاتر اور عمارتون کے داخلی راستوں پر ٹمپریچر چیک کیا جائے کوویڈ کی علامات رکھنے والوں کو دفاتر اور عمارتوں میں داخل نہ ہونے دیاجائے ہر کسی کے ماسک پہننے کو یقینی بنایا جائے۔ نزلہ ، زکام، چھینکوں اور سانس لینے میں مشکل کی صورت میں عام افراد اور ملازمین کوویڈ 19کا پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کروائیں ویکیسین یا بوسٹر شاٹ لگوانے کو یقینی بنایا جائے۔ لاہور میں وائرس سے ایک شہری ہلاک اور110 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، شہر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5.6فیصد ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق24گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کروناکے 139نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب بھر میں کرونا وائرس سے2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ بلوچستان میں کرونا کے پھیلاؤ میں دوبارہ اضافہ ہورہا ہے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 7 مثبت کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں ایکٹو کیسز کی تعداد 34 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 2.4 رہی۔
کرونا مزید ہلاکت خیز ، 4جاں بحق ، 818نئے کیسز، شرح 4.47فیصد ہو گئی
Jul 03, 2022