جنرل ندیم کا دورہ ایران عسکری قیادت سے ملا قا تیں ، دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

Jul 03, 2022


راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ایران کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور فوجی رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ایران کا دورہ کیا اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور سٹرٹیجک امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی، دونوں جانب سے سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا کی ایرانی وزیر دفاع اور چیف آف جنرل سٹاف سمیت ایرانی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں انٹرنیشنل بارڈر کو امن اور دوستی کی سرحدبنانے پر زور دیا گیا، اس موقع پر ایرانی عسکری قیادت نے دہشتگردی کیخلاف مسلح افواج کی قربانیوں کوسراہا۔ بیان کے مطابق جنرل ندیم رضا نے ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل محمد رضا قرایی آشتیانی، چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری، کمانڈ انچیف اسلامک ریولوشنری گارڈ کور میجر جنرل حسین سلامی، کمانڈ آف ایرانی نیوی ایئر ایڈمرل شہرام ایرانی اور کمانڈر آف ایرانی ایئر فورس حامد واحدی سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق معززین نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی رابطوں کا دائرہ کار اور سطح بڑھانے کے اقدامات پر بات کی اور گہرے تعلقات جاری رکھے کا وعدہ کیا۔ دونوں فریقین نے اس بات کو اجاگر کیا کہ مشترکہ سرحد، امن اور دوستی کی سرحد ہونی چاہیے۔ دریں اثنا ایرانی فوجی قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ قبل ازیں جنرل ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ایک چاک و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

مزیدخبریں