ملتان (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت نے ہمیں مشکل میں ڈال دیا ہے، عمران خان کو پتہ تھا کہ حکومت جانے والی ہے۔ انہوں نے قیمتیں کم کر کے بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ اب اگر ہم انٹرنیشنل کمٹمنٹ نہ نبھاتے تو قدغنیں لگتیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حالات گھمبیر تھے، ہم نے ملک کا سوچا۔ مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ عوام بے وقوف نہیں، سمجھ دار ہیں، عوام کو پتہ ہے حالات کے کون ذمہ دار ہیں۔ ہمارے اتحادی بھی سیاسی استحکام چاہتے ہیں کیونکہ سیاسی عدم استحکام سے معاشی استحکام نہیں آ سکتا، اتحادیوں کی بات مانیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خارجہ نے بیان دیا کہ مجھے میری پارٹی نے ہروایا، انہوں نے دھاندلی کے حوالے سے ہمارے موقف کی توثیق کی ہے۔ عدم اعتماد سے آج تک پی ٹی آئی حکومت کو کام نہیں کرنے دے رہی، ان کا مقصد ہے کہ کام نہ کرنے دیا جائے۔ جنوبی پنجاب صوبہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے لئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں تھی، ہمارا منشور ہے، جب اکثریت میں آئیں گے تو جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے۔
سابق حکومت نے مشکل میں ڈال دیا، وعدے نہ نبھاتے تو پابندیاں لگتیں: یوسف گیلانی
Jul 03, 2022