لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت ضمنی الیکشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں جنرل سیکرٹری پنجاب سینیٹر کامل علی آغا، سابق صوبائی وزراء چودھری ظہیرالدین، میاں عمران مسعود، سابق ایم این اے چودھری طاہر بشیر چیمہ اور شاداب جعفری ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ چیف جسٹس جسٹس عمر عطا بندیال نے ضمنی انتخابات کے بعد وزیراعلیٰ کا الیکشن کروانے کا ہمارا آپشن مان کر جمہوریت کو پروان چڑھانے میں پل کا کردار ادا کیا ہے، ان کے اس فیصلے سے صاف و شفاف الیکشن کروانے اور دھاندلی کو روکنے میں بڑی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، مسلم لیگ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بھرپور سپورٹ کر رہی ہے، انشاء اللہ ہماری سپورٹ سے واضح فرق نظر آئے گا جس کے بعد 22 جولائی کا الیکشن بھی انشاء اللہ ہم ہی جیتیں گے، عوام امپورٹڈ حکومت کو رد کرنے کیلئے ووٹ کے ذریعے اپنا حق استعمال کرے۔