لاہور (خبر نگار) قائداعظم سولر پاور کمپنی میں بے ضابطگیوں کا انکشاف، اینٹی کرپشن پنجاب نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔کمپنی چیف ایگزیکیٹیو آفیسر، مینیجر پلانٹ، مینیجر ہیومن ریسورس سمیت اہم اسامیوں پر تعیناتی کرنے والی کنسلٹنٹ کمپنی کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کے 6 دیہاتوں میں سولر انرجی فراہم کرنے کے منصوبہ کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا گیاہے ،یہ منصوبہ ہر دیہات میں 100 کلو واٹ بجلی فراہم کرنے کا تھاجس میںمن پسند ٹھیکیداروں کو سولر پاور پراجیکٹ لگانے کا ٹھیکہ دیا گیا۔ جبکہ کمپنی میں اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی کیلئے شفاف طریقہ کار نہیں اپنایا گیا،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے مٹیریل کے معیار کے حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیاہے تحقیقات میں کنسٹرکشن کمپنی سکائی بلیو بلڈرز کو بھی شامل کیا گیا ہے، تحقیقات کیلئے تمام افراد کو نوٹسز ارسال کرکے 5 جولائی کو اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے