میرپورخاص / میرواہ گورچانی / میرپور ماتھیلو ( بیورورپورٹ / نامہ نگاران) بلدیاتی انتخابات میں آمنے سامنے الیکشن لڑنے والے ایک ہی برادری کے لوگوں میں خونی تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے ۔میرواہ گورچانی سے نامہ نگار کے مطابق میرواہ گورچانی میں مین روڑ پر نوحانی برادری کے دو گروہوں میں جھگڑا ‘ فائرنگ کے نتیجے میں دو راہگیروں سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں 45 سالہ منور علی نوحانی ولد مبارک نوحانی اور دو راہگیر جن میں پاک فوج کا حاضر سروس نوجوان 30 سالہ گلستان آرائیں ولد اکبر آرائیں اور 20 سالہ مزدور ناصر آرائیں ولد سردار آرائیں شامل ہیں ۔ منور علی نوحانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا دوسری جانب پاک فوج کے جوان گلستان آرائیں اور ناصر آرائیں کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال سے سی ایم ایچ ہسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے بلدیاتی انتخابات میں تعلقہ ڈگری کی یونین کونسل غلام محمد نوحانی ہارنے والے آزاد امیدوار ہادی بخش نوحانی اور مخالف پاکستان پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار ذولفقار علی نوحانی کے حمایتیوں کے درمیان معمولی بات پر جھگڑے کے بعد شوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف رائے دینے پر دونوں گروہوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص منور علی نوحانی جانبحق ہو گیا جبکہ دو راہ گیر شدید زخمی ہو گئے۔ میرپور ماتھیلو سے نامہ نگار کے مطابق میرپور ماتھیلو کے قریب گاؤں علی شیر لغاری میں بوزدار برادری کی جانب سے دیرینہ دشمنی پر لغاری برادری کے گھروں پر حملہ کیا، اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12 سالا بچی سمیراں بیٹی منیر لغاری شدید زخمی ہو گئی۔،جس کو میرپور ماتھیلو کی ڈی یچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد لغاری برادری کی جانب سے ڈی ایچ کیو اسپتال کے سامنے بوزدار برادری کے ملزمان کے خلاف احتجاج کیا، جس کی قیادت زخمی ہونے والی بچی کی والدہ مسمات جیونی ، عاشق لغاری، راحب لغاری، مرید لغاری، نثار لغاری و دیگر نے کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ 4 سال قبل بوزدار برادری کے نوجوان حاکم بوزدار پراسرار طریقے پر قتل ہوا تھا جس کی لاش کنڈیر شاخ سے برآمد ہوئی تھی جس کا الزام بوزدار برادری کی جانب سے ہمارے اوپر لگایا تھا، جس کے بعد بوزدار برادری کی جانب سے ہمارے گھروں پر متعد بار حملہ کیا ہے اور ہم خاموش رہے ہیں۔ انہوں نے ایس ایس پی گھوٹکی و دیگر حکام سے ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سیاسی اختلافات برادریوں میں خونی تصادم
Jul 03, 2022