قال اللہ وقال الرسول ؐکی صدائیں بلند ہوتی رہیں گی، علامہ غلام محی الدین قادری

Jul 03, 2022

کراچی (  نیوز رپورٹر ) جامع رحیمیہ نظامیہ( لال) مسجد لانڈھی کے تمام انتظام وانصرام اپنے قیام کے اول روزسے اہلسنّت وجماعت حنفی بریلوی مسلک کے تحت جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کی زیرسرپرستی اہلیان محلہ نمازی چلارہے ہیں ،لہٰذا اہلیان محلہ نہیں چاہتے کہ یہ مسجد محکمہء اوقاف کے تسلط میں جائے،اس کی تمام نمازی حضرات تائید کرتے ہیں۔یہ قراردادجامع مسجد رحیمیہ نظامیہ المعروف لال مسجد لانڈھی کے پیش امام معروف عالم دین علامہ غلام محی الدین اخترالقادری نے نمازجمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے پیش کی جس کی تمام نمازیوں نے ہاتھ اٹھاکر بھرپور تائید کی جبکہ نمازکے آخر میں نمازیوں نے دستخط کرکے قراردادکی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔اس موقع پر اہلیان علاقہ کا موقف تھاکہ لال مسجد جب سے قائم ہوئی ہے اس کے تمام انتظامات ہم لوگ کرتے ہیں ،ہم لوگ کسی طورنہیں چاہیں گے کہ مسجد کو اوقاف کی تحویل میں دیاجائے ،اگر زبردستی ایساکیاگیاتو دمادم مست قلندر ہوگا۔پیش امام علامہ غلام محی الدین اخترالقادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ محکمہء اوقاف جان لے کہ یہ مسجد اہلیان علاقہ چلارہے ہیں اور علاقہ مکینوں کی مرضی کے بغیر اس مسجد کوکوئی اپنی تحویل میں نہیں لے سکتا،ہم سابقہ کمیٹی کے اراکین سے بھی التماس کرتے ہیں کہ وہ مسجد کے تمام کوائف اور دستاویزات واپس کردیں اور اللہ کے گھر کو متنازعہ بنانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہاکہ سابقہ انتظامیہ اگر دستاویزات واپس نہیں کرتی تو انہیں منسوخ سمجھاجائے اور ان پر کسی بھی لین دین کو تسلیم نہیں کیاجائے گا۔علامہ غلام محی الدین اخترالقادری نے کہاکہ اہلیان علاقہ کسی صورت لال مسجد کو محکمہء اوقاف کی تحویل میں نہیں جانے دیں اور ان شاء اللہ یہاں سے قال اللہ و قال الرسولﷺ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں گی۔

مزیدخبریں