امرتسر (آئی این پی) بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب بھگونت مان نے کہا کہ حکومت ریاست کے لوگوں کو دی گئی ضمانت کو پورا کر رہی ہے ۔یاد رہے کہ عام آدمی پارٹی کی پنجاب حکومت نے پہلے یکم جولائی سے ہر گھر کو 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان کیا تھا۔بھگونت مان نے کہا کہ پچھلی حکومتیں انتخابات میں وعدے کرتی تھیں وعدوں کی تکمیل میں 5 سال گزر جاتے تھے لیکن ہماری حکومت نے پنجاب کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ آج ہم پنجابیوں کو دی گئی ایک اور گارنٹی پوری کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر گھر کو ہر ماہ 300 یونٹ مفت بجلی دینا عام آدمی پارٹی کے 2022 کے پنجاب اسمبلی انتخابات کے دوران کیے گئے کلیدی وعدوں میں سے ایک تھا۔اے اے پی لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے کہا کہ لوگوں کو مفت بجلی فراہم کرنے والی دہلی کے بعد پنجاب دوسری ریاست بن گئی ہے۔ آج ایک تاریخی دن ہے کیونکہ پنجاب دہلی کے بعد دوسری ریاست بن گیا ہے جہاں لائف لائن بجلی مفت ملتی ہے۔وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ نے 27 جون کو اے اے پی حکومت کا پہلا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے سے ریاستی خزانے پر 1,800 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
مفت بجلی
بھارتی پنجاب میں ہر گھر کو 300یونٹ مفت بجلی کی فراہمی شروع
Jul 03, 2022