کراچی (نیوز رپورٹر)ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال سندھ میں جگر کی پیوند کاری کا پہلا نجی ادارہ بن گیا۔ اس حوالہ سے ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال میں جگر کی کامیاب پیوند کاری کی خوشی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ ’ ’ ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ پاکستان میں جگر کی پیوند کاری کے لیے قابل بھروسہ اور اعلیٰ معیار کے علاج تک رسائی حاصل ہو۔ ضیاء الدین اسپتال صحت کی سہولیات فراہم کرنے والا سندھ کا پہلا جبکہ پاکستان کا چوتھا نجی ادارہ ہے جہاں جگر کی پیوند کاری کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ آج ہمیں ضیاء الدین ہسپتال میں جگر کی دس کامیاب پیوند کاری کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ اس سنگ میل کو عبور کرنا یقینا آسان نہیں تھا مگر ہماری ٹیم نے یہ کام انتہائی قلیل مد ت میں کر دکھایا ہے۔ ‘ ‘ ڈاکٹر عاصم حسین کا مزید کہنا تھا کہ جگر کی پیوند کاری ملک اور عوام کی ضرورت ہے اور بحیثیت صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے والا ادارہ ہم سے جو ہوسکے گا وہ ہم کریں گے۔ یہ ضیاء الدین ہسپتال کی ایک بڑی کامیابی ہے جو ایک ماہر ٹیم کے بغیر ممکن نہیں تھی۔جگر کی پیوند کاری کیلئے ہماری ٹیم نے جس لگن اور محنت سے کام کیا ہے وہ یقینا مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر ماہر امراض جگر ڈاکٹر ضیغم عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جگر کی بیماری ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ہیپاٹائٹس سی اور بی وائرس کے انفیکشن جگر کی خرابی کی سب سے عام وجوہات ہیں۔ ہر پندرہ منٹ میں، ایک شخص ہیپاٹائٹس بی اور سی کی پیچیدگیوں کے باعث اپنی جان گنوا بیٹھتا ہے۔ بیس لاکھ سے زیادہ افراد کو ان مسائل کی وجہ سے زندہ رہنے کے لیے جگر کی پیوند کاری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ڈاکٹر ضیغم عباس کا مزید کہنا تھا کہ اس سال گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور سندھ حکومت کے تعاون سے ڈاکٹر ضیاء الدین اسپتال نے جگر کی پیوند کاری کا آغاز کیا۔ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ایک قابل ذکر مثال ہے جہاں حکومت سندھ فعال طور پر لوگوں کی صحت کیلئے سرمایہ کاری کررہی ہے۔ جگر کی پیوند کاری ایک ایسا طریقہ کار ہے جس میں ایک زندہ عطیہ دہندہ کے صحت مند جگر کے حصے کا استعمال کیا جاتا ہے جو ایک قریبی خاندانی فرد سے حاصل کیا جاتا ہے۔ عطیہ کردہ صحت مند جگر کو ناکارہ یا درست طریقے سے کام نہ کرنے والے جگر کی خرابی کو دور کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر لیور ٹرانسپلانٹ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم میں شامل سربراہ ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر، ڈاکٹر ذیشان حیدر، ڈاکٹر علی قدیر سمیت ضیاء الدین ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انوپ داوانی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عاصم حسین نے لیور ٹرانسپلانٹ ٹیم کے ڈاکٹروں میں ان کی عمدہ کارکردگی پر شیلڈ بھی تقسیم کیں گئیں۔