کوٹ ادو(خبر نگار) پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی تاریخی قیمتوں کے بعدکوٹ ادوشہرسے دوسرے شہروں کوچلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں ایک ہزارسو سے 15سو روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے، کوٹ ادو سے کراچی کا کرایہ 2ہزار سے بڑھا کر 34 سو روپے کردیا گیا، اسلام آباد کا2ہزار روپے سے بڑھا کر 2500 کر دیا گیاجبکہ کوٹ ادو سے چوک سرور شہید چلنے والی لوکل ٹرانسپورٹ نے کرایہ 150سے بڑھاکر2سو روپے کردیا،دوسری طرف کوٹ ادو سے ملتان چلنے والی ہائی ایس والوں نے بھی کرائے بڑھادئیے،ملتان کا کرایہ 160روپے سے250 مظفرگڑھ کا کرایہ 80 روپے سے 150روپے جبکہ کوٹ ادو سے لیہ کا کرایہ 100سے بڑھا کر180روپے کردیا گیا، ادھرموٹر سائیکل رکشہ والوں نے بھی من مانے کرائے وصول کرنے شروع کردئیے، کرایوں میں اضافے پر شہری پھٹ پڑے شہریوں رائے ثاقب پرہاڑ، شفیق انورشاز،طارق اسمعیل بھٹہ،ملک محمد رضوان، ابراہیم سرانی، محسن علی،ندیم موٹا ودیگرکا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نہیں عام آدمی متاثر ہو رہا ہے،غریب آدمی کے پاس 2 وقت کی روٹی کھانے کیلئے پیسے نہیں ہیں،حکومت غریب کو ختم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔