کوئٹہ(بیورورپورٹ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ مہنگائی بدعنوانی بھاری سودی قرضے آئی ایم ایف غلام حکمرانوں کے تحفے ہیں ،حکمرانوں کی غلامی بے حسی وغفلت اور امریکی غلامی وآئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر سودکو جار ی رکھ کر حکمران اللہ اور رسول سے جنگ کے مرتکب ہورہے ہیں ،ڈالر اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار باراضافہ حکمرانوں کیآئی ایم ایف غلامی ونوکری کو ظاہر کر رہی ہے ،اے پی ڈی ایم کا مہنگائی ،سودکو جاری رکھنے اور بھاری سودی قرضوں پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے،جماعت اسلامی سودی معیشت ،بدترین مہنگائی ،بھاری سودی قرضوں اوربدعنوانی کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کر رہی ہے ،عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم کے بعد عوام پر بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کردیئے ہیں، یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ظالم حکمرانوں کو عوام کا احسا س ہی ختم ہو چکا ہے، ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے سب کوآزمالیا مگر کوئی بھی عوامی توقعات پر پور ا نہیں اترا۔