ترنڈہ محمد پناہ (ضیاء اللہ بھٹو سے) ہزاروں ایکڑز کو سیراب کرنیوالی نہر پنجند کینال کو 3ماہ کے بعد گزشتہ روز چند گھنٹے چلانے کے بعد پھر بند کردیا گیا ۔نہر پنجند بند ہونے سے علاقہ کے سینکڑوں کاشتکاروں نے اپنی ہزاروں ایکڑز پر فصلیں کاشت کر رکھی ہیں جبکہ پیٹر انجن یا ٹیوب ویل کے اخراجات سے فصل کی لاگت بھی پوری نہیں ہوتی ہے۔کاشتکار تنظیموں کے سرکردہ رہنماء سردارخالد محمود نائچ ٗساجد محمود نائچ ٗملک ساجد آرائیں ٗملک کلیم اللہ بھٹو ٗڈاکٹر نذر خان ٗجام عنائت غفار بھتڑ ٗکوثر عباس شمسی ٗسردار یونس عباسی ودیگران نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور کی سب نہریں تین ماہ سے چل رہی ہیں۔ اگر پانی کی کمی ہے تو تین ماہ پنجند کو چلایا جائے اور تین ماہ کیلئے ششماہی نہر کو بند کردیا جائے یا ششماہی نہروں سے پانچ سو کیوسک فی نہر کمی کریں تو وہ بھی چلتی رہیں گی اور نہر پنجند بھی چالو ہو جائے گی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف انہارنے مبینہ نہر پنجند کا پانی فروخت کرکے پورے علاقہ کو بنجر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ادھر چیف انہار خالد بشیر گجر نے اپنے موقف میں بتایا کہ موجودہ صورتحال میں پانی کی شدید کمی ہے اور ابھی پانی ہیڈ تریموں سے گزر رہا ہے جو تین دن تک ہیڈ پنجند پر پہنچ جائے گا تو تین دن تک پنجند کینال میں پانی چھوڑ دیا جائے گا۔