پاکستان سنگل ونڈو سسٹم کے نفاذ سے ملک کو سالانہ 50کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی

Jul 03, 2022

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان سنگل ونڈو سسٹم کے نفاذ سے ملک کو سالانہ 50کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان سنگل ونڈو کو بین الاقوامی تجارت کے ساتھ مربوط کرنے کے فریم ورک معاہدے پر رواں ماہ دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔ پی ایس وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے کہا کہ فریم ورک معاہدے کا حتمی مسودہ مکمل ہو چکا ہے، اور پاکستان کسٹمز اور چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے درمیان معاہدے پر جولائی میںدستخط ہوں گے ،یہ معاہدہ شفافیت لائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اعداد و شمار میں پائے جانے والے تضادات کو دور کرے گا۔ اس سے چین میں پاکستانی تاجروں کے سامان کی آسانی سے کلیئرنس میں بھی مدد ملے گی۔ پاکستان کسٹمز شپمنٹس کے بارے میں درست ڈیٹا حاصل کرے گا۔ اس سے انڈر انوائسنگ اور دیگر مسائل کا مقابلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی،انہوں نے کہا اس کو دیگر بین الاقوامی ڈیٹا بیس پلیٹ فارمز کے ساتھ بھی مربوط کیا جائے گاجس سے کسٹم کلیئرنس کے لیے بروقت، قابل اعتماد اور مستند ڈیٹا بیس حاصل ہوگا۔ اس کا مقصد نہ صرف پاکستان کی سرحد پار تجارت کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنا ہے بلکہ کسٹمز اور دیگر سرکاری اداروں میں طریقہ کار اور ریگولیٹری اصلاحات کو متحرک کرنا ہے تاکہ کاروبار کرنے کے وقت اور لاگت کو کم کیا جا سکے اور پاکستان کی تجارتی مسابقت کو بڑھایا جا سکے۔ ٹریڈ انفارمیشن پورٹل آف پاکستان کے تحت 77 سے زائد سرکاری اداروں کے 530 قوانین، ضوابط، طریقہ کار اور تجارت سے متعلق دیگر اقدامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اور اب ان تک آن لائن رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ پورٹل سے لائسنس، اجازت نامے، سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات تک رسائی اور ڈان لوڈ بھی کر سکتے ہیں اور لاگو فیس، پروسیسنگ کے وقت اور مرحلہ وار طریقہ کار کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ پورٹل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف تجارت کے بارے میں رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔ اس نظام کا مقصد خواتین کی زیر قیادت کاروباروں کو بین الاقوامی سپلائی چین میں شامل ہونے میں مدد کرنا ہے۔ یہ اقدام مزید ڈیجیٹل پاکستان کے قریب ایک قدم ہے جو ملک کو تیز تر، جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں مدد کرے گا۔ اس اقدام کے کامیاب نفاذ سے قومی معیشت کے لیے سالانہ تقریبا 500 ملین ڈالر کی بچت کا امکان ہے۔ 
 سنگل ونڈو سسٹم 

مزیدخبریں