فیصل آباد: ضمنی الیکشن 12 امیدوار، زوردار مقابلے کا امکان 

Jul 03, 2022

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے حلقہ پی پی 97 کے ضمنی الیکشن میں گھمسان کا رن پڑنے کا امکان ہے۔ حلقے میں کل 12 امیدوار ہیں تاہم اصل مقابلہ ن لیگ کے اجمل چیمہ، پی ٹی آئی کے علی افضل ساہی اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے والے پیپلزپارٹی کے سابق ضلعی صدر طارق محمود باجوہ میں ہونے کی توقع ہے۔ الیکشن میں مسلم لیگ ن کا ٹکٹ حاصل کرنے والے پی ٹی آئی کے سابق منحرف ایم پی اے اجمل چیمہ کے مقابل ایک مرتبہ پھر پی ٹی آئی کے علی افضل ساہی ہیں۔ علی افضل ساہی سابق سپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی کے صاحبزادے ہیں اور جنرل الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کے امیدوار تھے۔ تاہم آزاد امیدوار اجمل چیمہ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوگئے تھے۔ اب دوبارہ دونوں مدمقابل ہیں تاہم اجمل چیمہ آزاد امیدوار نہیں ہیں بلکہ ن لیگ کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔ جنرل الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار آزاد علی تبسم پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر انتخابی عمل سے باہر ہو چکے ہیں۔ جماعت اسلامی نے علی احمد گورایہ کوجبکہ تحریک لبیک نے نوید شفیع کو اپنا اپنا امیدوار نامزد کیا ہے اور دونوں مذہبی ووٹ حاصل کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار فواد احمد چیمہ ، اجمل چیمہ کے قریبی عزیز شیر افگن چیمہ ، سابق ایم پی اے لیاقت علی کے صاحبزادے رضوان لیاقت کے علاوہ آزاد امیدواران آصف عزیز ، شعیب اسلم ، عامر نوازاور وسیم اکرم بھی میدان میں ہیں۔
ضمنی الیکشن حلقہ 97 

مزیدخبریں