کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے فوری طور پر نیا قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ لانے کا مطالبہ کر دیا۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے بلوچستان کے ساتھ وعدے وفا نہ کرنے کی روایت برقرار رکھی، 30 جون تک نہ پی پی ایل کے واجبات ملے نہ این ایف سی کا پورا شیئر مل سکا۔ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں، دیوار سے نہ لگایا جائے اور نہ ہی سخت رد عمل پر مجبور کیا جائے۔ 1973ءکے آئین کی شق 160 کے مطابق صدر پاکستان مختلف طرح کے ٹیکسز اور محصولات وغیرہ سے اکٹھی ہونے والی آمدن کی تقسیم کے لیے ہر پانچ سال بعد ایک کمیشن تشکیل دیتے ہیں، اس کمیشن کو قومی مالیاتی کمیشن یا نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کہا جاتا ہے۔ صدر پاکستان کی جانب سے تشکیل دیا گیا کمیشن اس بات کا تعین کرتا ہے کہ وفاقی حکومت قومی آمدن سے حاصل کردہ آمدنی کا کتنا حصہ اپنے پاس رکھے گی اور کتنا حصہ صوبوں میں تقسیم کرے گی۔
عبدالقدوس بزنجو