بلوچستان میں حملہ ، جھڑپ ، میجر ، نائیک سمیت 6 اہلکار شہید: ڈی آئی خان، آپریشن میں 3 دہشتگرد ہلاک 

Jul 03, 2023

اسلام آباد‘ شیرانی (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے ضلع ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کر کے تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز، پولیس اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ وہ 11 اپریل 2022ءکو کولاچی میں ایک پولیس چوکی پر حملے میں مطلوب تھے، جس کے نتیجے میں پانچ بہادر پولیس کانسٹیبلوں کی شہادت ہوئی۔ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کارروائی جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں 4 اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر کی چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا، حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت ایک ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے شیرانی میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ کارروائیاں فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کیلئے مشعل راہ ہیں۔ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پختہ عزم و حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنا رہی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے شیرانی چیک پوسٹ حملے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ یہاں سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی شہادت پر ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ شیرانی چیک پوسٹ حملے میں شہید ہونے والوں کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں، بزدل دہشتگرد اس طرح کے حملوں سے نہ ہمارا اور نہ ہمارے جوانوں کا حوصلہ توڑ سکتے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی شیرانی میں چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت کی شناخت کر کے دہشتگردی کے منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ قوم اپنے بہادر بیٹوں کے قاتلوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کرے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے بلوچستان کے علاقے شیرانی میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے اور فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں3 پولیس اور1 ایف سی اہلکار کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں اس قوم اور سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیئے ہمہ وقت اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلوچستان کے علاقے بلور میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت دو اہلکار شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے بلور میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا اور ناکہ بندی کی۔ دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔ مقابلے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید ہو گئے۔

مزیدخبریں