ٹوکیو (نامہ نگار+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ و پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 9 مئی کے واقعات کو پاکستانی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب قرار دے دیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ان دنوں جاپان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ جمہوری احتجاج کے نام پر فوجی تنصیبات پر حملوں کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، سب کی ذمہ داری ہے کہ صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بہت زیادہ مشکلات دیکھیں لیکن کبھی ریڈ لائن کراس نہیں کی، ہمیشہ جمہوریت کے لیے جدوجہد کی۔ بلاول نے پیپلز پارٹی جاپان کی جانب سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے جاپان کے کاروباری افراد سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارتی تعلقات اور کاروباری مواقع پر گفتگو کی گئی۔ ادھر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جاپان کے سرکاری دورے کے موقع پر متعدد جاپانی بزنس ایگزیکٹوز، جائیکا اور جیٹرو کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ٹیکنالوجی سیکٹر میں جاپان دنیا میں ایک لیڈر ہے۔ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میرا جاپان کا یہ پہلا دورہ ہے جس کا مقصد تجارت کو فروغ دینا ہے۔ بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی فلسفہ رہا ہے کہ ہمیں امداد نہیں تجارت چاہیے اور میرے اس دورہ جاپان کا مقصد بھی یہی ہے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ان کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری بھی تھیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری یکم جولائی سے جاپان کا 4 روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ ان کی جاپانی ہم منصب اور وزیر اعظم سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے تقریب میں ممتاز کمپنیوں کے ایگزیکٹوز سے رابطے ہوئے۔ جاپان‘ پاکستان تجارت‘ زراعت اور ٹیکنالوجی بڑھانے کی خواہش حوصلہ افزا ہے۔ ہنرمند ورک فورس‘ صاف توانائی‘ ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون کی خواہش بھی حوصلہ افزا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانی باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں، چاہتے ہیں جاپان میں مقیم پاکستانی برادری کے مسائل حل ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بھی پوٹینشل ہے، نوجوانوں کو ہنر مند اور باصلاحیت بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، آج کل پاکستان میں آم کا سیزن ہے، پوری دنیا میں پاکستانی آم پسند کیا جاتا ہے، چاہتے ہیں پاکستان اور جاپان میں زراعت کے شعبے میں ایکسپورٹ بڑھے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بھی پوٹینشل ہے، اس سیکٹر میں بھی تعلقات میں اضافہ ہونا چاہیے، پاکستان کی آبادی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملنے چاہئیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے معروف اینکر جیسمین منظور سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
9 مئی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب، جاپان سے امداد نہیں ، تجارت چاہتے ہیں ، بلاول
Jul 03, 2023