آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز 10 تا 13 جولائی جنوبی افریقہ میں ہونگی


لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ میٹنگز 10 سے 13 جولائی تک ہوں گی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی میٹنگز جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں ہوں گی جس میں اہم امور زیرِ بحث آئیں گے جبکہ اس دوران سالانہ رپورٹ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات ہو گی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025ءکے حوالے سے ممبرز کو بریف کرےگا جبکہ میٹنگز کی سائیڈ لائنز پر پی سی بی کے عہدے داران ممبرز ممالک کے عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے میچز میں اضافے اور دیگر امور پر بھی اے سی سی کے ممبرز سے سائیڈ لائنز پر بات ہو گی۔ ذرائع نے کہا کہ میٹنگز میں پاکستان کی نمائندگی قائم مقام چیئرمین احمد شہزاد فاروق رانا کریں گے۔پی سی بی کے چیئرمین کا انتخاب التواءکا شکار ہونے کی وجہ سے الیکشن کمشنر قائم مقام چیئرمین ہیں جبکہ سی او او سلمان نصیر کے قائم مقام چیئرمین کے ہمراہ ڈربن جانے کا امکان ہے،ان میٹنگز میں ورلڈ کپ اور آئندہ برس کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے امور پر بھی بات ہوگی اور امریکہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچز کیلئے انفراسٹرکچر کی رپورٹ بھی پیش کی جائےگی۔ذرائع کے مطابق انفراسٹرکچر کی رپورٹ کی روشنی میں امریکہ میں میچز کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ءکے میزبان ویسٹ انڈیز اور امریکہ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن