حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت چیئرمین پریس کلب تنزیل الرحمن بٹ نے کی۔ مظاہرہ میں ضلع بھر کے صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پریس کلب تنزیل الرحمن بٹ کا کہنا تھا سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مرکزی جامع مسجد کے سامنے سلوان ممیکا کی قرآن پاک کی بے حرمتی کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ دوسری جانب سابق چیئرمین و صدر پریس کلب رانا محمد ارشد انجم اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے ضلعی صدر حافظ عبد القدیر چوہدری نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے،جبکہ کفریہ طاقتیں تھوڑے عرصہ بعد اس طرح کی ناپاک سازش سے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتی ہیں۔پاکستانی حکومت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے اسلامی ممالک کے سربراہان دنیا بھر میں اس طرح کی ناپاک سازشوں کے سدباب کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کریں۔