شیعہ علماءکونسل کے زیر اہتمام سویڈن میں قرآن کی بےحرمتی کےخلاف احتجاجی مظاہرہ 


لاہور (خصوصی نامہ نگار ) شیعہ علماءکونسل کے زیر اہتمام سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ماربل مارکیٹ فیروز پور روڈ پر کیا گیا۔احتجاجی جلوس میں تمام مکاتب فکر کے اکابرین نے شرکت کی۔پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے شرکاءنے سویڈن کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ سیکرٹری رابطہ کمیٹی شیعہ علماءکونسل پنجاب قاسم علی قاسمی، علامہ حسن رضا قمی، مفتی عاشق بخاری اور دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے امت مسلمہ کی د ل آزاری ہوئی ہے۔ قرآن کتاب ہدایت اور کلام الٰہی ہے۔ اس کی بے حرمتی سے دنیا میں بدامنی پیدا ہو گی۔ تما م مسلم ممالک سویڈن سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کریں۔سویڈن سفیر کو فی الفور پاکستان سے بے دخل کیا جائے۔قاسم علی قاسمی نے کہا اظہار رائے کی آڑ میں کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ سویڈن حکومت کی سرپرستی میں مسلمانوں کی دل آزاری پر اقوام متحدہ ایکشن لے۔دنیا کا امن احترام مذاہب سے ہی ممکن ہے۔سویڈن حکومت کا کردار دنیا میںبدامنی کا سبب بنے گا۔ علامہ حسن رضا قمی نے کہا مذہبی مقدسات کی توہین ناقابل برداشت ہے۔عالم کفر کسی بھول میں نہ رہے،حرمت قران کیلئے جان دے بھی سکتے ہیں اور جان لے بھی سکتے ہیں۔ عوام کے جذبات سویڈن حکومت تک پہنچائے جائیں۔قائد اہل سنت مفتی عاشق بخاری نے قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف سخت رد عمل پر ایرانی حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ سنی شیعہ تنظیموں کو مل کر قرآ ن مجید کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کرنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن