سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی پر ہرمسلمان سراپا احتجاج ہے:مفتی مصطفےٰ اشرف 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)عالمی جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی چیئرمین اور امیر دارالعلوم حزب الاحناف مفتی پیر سید مصطفےٰ اشرف رضوی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر ہرمسلمان رنجیدہ اور سراپا احتجاج ہے۔آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی بھی مذہب کی توہین نہیں کی جاسکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دارالعلوم حزب الاحناف داتا دربار روڈپر بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ناظم اعلیٰ حزب الاحناف پیر سید حیدر مصطفےٰ رضوی، چیئرمین تحریک عظمت مصطفےٰ پیر سید اویس شاہ زنجانی اور پیر مراد احمدرضوی ، مولانامفتی ریاض کھرل ، مفتی محمد اشرف شاکر، مولاناقاری محمد طفیل، مولاناغلام مرتضیٰ،قاری جاوید مختار قادری،مفتی شہباز سیالوی،پیر سید کبیر شاہ،پیر اختر رسول قادری،سائین عبدالستارعطا محمد گولڑوی اور پیر صدیق الرحمان نے شرکت کی۔ مفتی پیر سید مصطفےٰ اشرف رضوی کا کہنا تھا کہ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی اور قرآن پاک کی بے حرمتی مذہبی دہشت گردی ہے۔جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اورعالم اسلام سے سویڈن کے سیاسی، سماجی اور تجارتی بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ عالمی برادری اس مذہبی دہشت گردی کا نوٹس لے۔جس کی وجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے۔ اقوام متحدہ مذہبی دہشت گردی رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور عالمی سطح پر ایسے سخت قوانین بنائے جائیں کہ دوبارہ کسی کو ایسی حرکت کرنے کی جرائت نہ ہو۔پرامن احتجاج کے دوران اپنے ملک کی سرکاری و نجی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔

ای پیپر دی نیشن