قرآن مجیدکی ناموس کافانوس کوئی طاقت نہیں بجھاسکتی: تنویر خان

Jul 03, 2023

لاہور(نیوز رپورٹر) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل تنویر احمد خان نے کہا ہے کہ قرآن مجیدکی ناموس کافانوس د نیا کی کوئی طاقت نہیں بجھاسکتی۔قرآن مجیدفرقان حمید وہ مینارہ نور ہے جس کو جہالت کی چنگاریوں سے ماندنہیں کیا جاسکتا۔سویڈن حکومت کاحالیہ انتہائی اقدام علمیت نہیں بلکہ بدترین جہالت،نفرت اورتعصب کاغماز ہے۔سویڈن کی حکمران اشرافیہ مسلمانوں کی مزاحمت کوانڈراسٹیمیٹ نہ کرے۔ اس قسم کی مجرمانہ روش عنقریب اس ریاست کوقصہ پارینہ بنادے گی۔ کئی صدیوں سے قرآن مجید کامطالعہ کرنیوالے اس پرایمان لے آتے ہیں جبکہ ابوجہل کے پیروکار وں کوآج بھی حق اورمعبودبرحق کاادراک نہیں۔ 2ارب مسلمانوں کے جذبات واحساسات پرکاری ضرب لگانا آزادی اظہار ہرگز نہیں۔ سویڈن میں ہونیوالے دلخراش واقعہ کے سلسلہ میں اقوام متحدہ کو بھی اپنی پوزیشن واضح کرناہوگی۔ قرآن مجید کے ساتھ والہانہ محبت وعقیدت اوراس کی شان پرجان قربان کرنا مسلمانوں کی گھٹی میں شامل ہے۔ قرآن مجید کی تقدیس اورتوقیر پر کسی ملعون کوحملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اگرسویڈن حکومت نے اپنے معاشرے میں دندناتے اسلام دشمن انتہاپسند عناصر کوقرارواقعی سزا نہ دی جائے توپھر نتائج کاسامنا کرنے کیلئے تیار رہے۔ پاکستان سمیت اسلامی ملکوں کے حکمران اسلاموفوبیا کے سدباب کیلئے ایک متفقہ موقف اختیار اور سویڈن حکومت کے ساتھ دوٹوک انداز میں بات کریں۔

مزیدخبریں