خیبر پی کے ا ٹوارزم پولیس کی تربیت مکمل، کئی سیاحتی مقامات پر تعینات

Jul 03, 2023

پشاور (اے پی پی)خیبرپی کے ٹوارزم پولیس کی تربیت مکمل ہوکرانہیں کئی سیاحتی مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے۔محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق سیاحت کے شوقین شہری شمالی علاقہ جات بالخصوص صوبہ خیبرپی کے کے پرفضا مقامات کا رخ کرتے ہیں،تاہم یہاں کے کئی مقامات ایسے ہیں جہاں سردیوں میں بھی سیاحوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے اور کئی مواقع پر بھیڑ میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے،خاص کر قومی تہواروں اور عید جیسے مواقع پر بے پناہ رش کی وجہ سے سیاحوں کو کئی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات پریشانی کے عالم میں انہیں ہنگامی مدد کی ضرورت بھی پڑتی ہے۔ایسے ہی حالات سے نمٹنے کیلئے صوبہ خیبرپی کے کی حکومت نے گزشتہ سال جنوری میں ٹورازم پولیس فورس تشکیل دی تھی، تاہم اس وقت فورس کے اہلکار مکمل طور پر تربیت یافتہ نہیں تھے اور انہیں بنیادی تربیت دے کر فرائض سونپ دئیے گیے تھے۔حال ہی میں ان کی مہارت اور اعلی تربیت کا عمل مکمل ہوا ہے جس کے بعد 171 ٹورازم پولیس اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کر کے سیاحوں کی حفاظت اور مدد کرنے کا نظام ان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔محکمہ سیاحت خیبرپی کے کے مطابق صوبہ خیبر پی کے کی نو تشکیل شدہ ٹورازم پولیس کے اہلکار سیاحوں کی مدد کے علاوہ سیاحتی مقامات کی حفاظت کی ذمہ داری بھی ادا کر رہے ہیں۔ سپیشل فورس کو سیاحتی مقامات میں تعینات کرنے کا مقصد سیاحوں کی مدد اور ان کی سہولت ہے اگر کوئی حادثہ یا چوری کا واقعہ پیش آتا ہے تو ان اہلکار وں کی سب سے پہلے جائے وقوعہ پر رسائی ہوگی۔ فورس کے پاس جدید اسلحہ اور ہیوی بائیکس بھی اسی غرض سے دئیے گئے ہیں تاکہ وہ ہمہ وقت تیار رہیں۔محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق کہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے تمام مقبول اور بھیڑ والے مقامات پر ٹوارزم پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ پشاور اور مردان کے تاریخی مقامات پر بھی ٹوارزم پولیس فرائض سرانجام دے رہی ہے،اگر سیاحوں کے گروپ کو کسی خاص مقام کی سیر کو جاتی ہے تو اس کے ساتھ بھی فورس کا دستہ تعینات کر دیا جاتا ہے،رواں سال کے آخر میں ٹوارزم پولیس میں مزید اہلکار بھی بھرتی کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں