فائیو جی صنعتوں میں انقلاب ، معاشی تبدیلی کی صلاحیت رکھتی ہے: مہر کاشف

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا کہ فائیو جی عالمی سطح پر صنعتوں میں انقلاب اور معاشی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سٹریٹجک تھنک ٹینک ’’گولڈ رنگ اکنامک فورم‘‘ کے زیراہتمام گزشتہ روز ’’معیشت میں فائیوجی کا کردار‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائیو جی معیشت پر نمایاں اثرات مرتب کرے گی اور اس میں جدت اور کاروبار کیلئے نئے امکانات کھولے گی۔ سٹارٹ اپ اور کاروبار نئی ایپلیکیشنز، سروسز اور کاروباری ماڈلز تیار اور فنکشنل کرنے کیلئے فائیوجی کی تیز رفتاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا، ملازمتیں پیدا ہوں گی اور تکنیکی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس بہتر کنیکٹوٹی سے افراد، مشینوں اور آلات کے درمیان تیز ترین اور زیادہ قابل اعتماد ربط قائم ہو سکے گا جس سے تمام صنعتوں میں پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ اس سے موبائل فون پر مبنی سروسز مثلا موبائل گیمنگ، سٹریمنگ پلیٹ فارم، ای کامرس، اور موبائل اشتہارات کی ترقی تیز تر ہو جائے گی۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ وسیع پیمانے پر فائیو جی کو اپنانے سے اقتصادی ترقی اور پیداواری فوائد میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اندازوں کے مطابق فائیوجی سے 2035 تک عالمی اقتصادی پیداوار میں 13.2 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہو گا۔ فائیو جی سے کارکردگی میں اضافہ، آٹومیشن اور نئے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاری کے راستے کھلیں گے اور معاشی مسابقت کو فروغ حاصل ہو گا۔ معیشت پر فائیو جیکا مکمل اثر وقت کے ساتھ ساتھ سامنے آئے گا کیونکہ ٹیکنالوجی کی ترقی اور زیادہ استعمال سے حالات تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیلی میڈیسن کی ترقی میں بھی سہولت فراہم کرے گی اور شعبہ صحت سے وابستہ افراد کو دور دراز سے مشاورت اور مریضوں کی ریموٹ نگرانی کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن